اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ابو آلاء الولائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی مزاحمتِ عراق نے سیاسی رہنماؤں، بالخصوص بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری اور بعض آزاد سیاست دانوں کی درخواست پر امریکہ اور سعودی عرب کی جارحیت کا جواب مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی کے وقت، حجم اور نوعیت پر نظرثانی کا اختیار بدستور برقرار ہے اور یہ ایک نظریاتی اور قومی ذمہ داری ہے، جسے مجاہدین، شہدا کے اہل خانہ، زخمیوں اور غیرت مند عراقی عوام پورا کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔
الولائی نے کہا کہ متعلقہ حکام اور ذمہ دار اداروں کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عراق کے حق کے حصول کے لیے اقدامات کرنے چاہییں اور ایسے ردعمل کا تعین کرنا چاہیے جو ملک اور عوام کے خلاف اس جارحیت سے ہونے والے نقصان اور تباہی کے حجم کے مطابق ہو۔
اسلامی مزاحمتِ عراق نے جمعے کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ مجاہد رہنما حاج ابو حسن العامری کی اپیل اور بعض باوقار سیاسی رہنماؤں کے مؤقف کے احترام میں آج 23 صفر کو کی جانے والی طے شدہ جوابی کارروائی مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بدر تنظیم کے سربراہ اور عراقی پارلیمانی اتحاد فتح کے رہنما ہادی العامری نے قومی مفاد کے پیش نظر مزاحمتی گروہوں سے الحشد الشعبی کے ٹھکانوں پر سعودی عرب اور امریکہ کے حالیہ حملے کے خلاف فوجی ردعمل مؤخر کرنے کی اپیل کی تھی۔
آپ کا تبصرہ